اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ کے دفتر میں سینئر حریت رہنما سید یوسف نسیم کی زیر صدارت شاعر مشرق، حکیم الامت حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی برسی کے موقع پر دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں مقررین نے اقبال کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبالؒ ایک ایسی ہمہ جہت شخصیت تھے جنہوں نے نہ صرف مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا بلکہ ان کے دلوں میں حریت، خودی اور بیداری کی وہ شمع روشن کی جو آج بھی رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
یہاں جاری بیان کے مطابق مقررین نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے فکر و فلسفہ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نئی روحانی و فکری طاقت بخشی اور انہیں غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کے لیے جدوجہد کا حوصلہ دیا۔ اقبال کا تصور خودی دراصل انسان کو اس کی اصل پہچان، مقصد وجود اور آزادی کی اہمیت کا شعور عطا کرتا ہے۔مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام علامہ اقبالؒ کے افکار سے گہری نسبت رکھتے ہیں۔ ان کی شاعری نے ہمیشہ کشمیر کے نہتے، مظلوم عوام کو صبر، استقامت اور جدوجہد کا پیغام دیا ہے۔
اقبالؒ نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتے ہوئے بارہا کشمیر کے ساتھ اپنی روحانی و فکری وابستگی کا اظہار کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے اس موقع پر اقوام متحدہ اور جملہ انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی، قانونی اور اخلاقی حق یعنی حق خود ارادیت فراہم کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن، انصاف اور استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔
آخر میں دعائیہ مجلس میں علامہ اقبالؒ کے درجات کی بلندی ،شہداء کشمیر،کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے استحکام کے لیے دعا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری قوم اپنی جدوجہد آزادی کو اقبال کے خوابوں کی تعبیر بناتے ہوئے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ دعائیہ مجلس میں سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر ،جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد ،سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ،سید فیض نقشبندی ،شمیم شال، شیخ عبدالمتین ،دائود خان،جاوید بٹ،میاں مظفر،سید گلشن،نذیر احمد کرناہی ،عدیل مشتاق ،عبدالمجید لون،محمد اشرف ڈار کے علاوہ دیگر لوگوں نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585083