کوئٹہ۔ 15 اپریل (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے مستونگ میں بلوچستان کانسٹیبلری کی بس پر ہونے والے بزدلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمّت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے ریاست کی خود مختاری اور امن کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔ سردار کھیتران نے واقعے کو افسوسناک اور قابل مذمّت قرار دیتے ہوئے کہا کہ
امن دشمن عناصر ملک کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم اور حکومت متحد ہے اور ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
سردار کھیتران نے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم انکی خدمات کبھی فراموش نہیں کرے گی۔