سینٹ اجلاس ، ایران پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت ، متفقہ قرارداد لانے کا فیصلہ کیا گیا

43

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کے اجلاس میں ایران پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی گئی اور متفقہ قرارداد لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جمعے کو سینیٹ کے اجلاس میں چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے اس اہم معاملے پر وزیر خارجہ کو بھی ایوان میں حاضری کی ہدایت کی اور کہا کہ ایران پر حملے کی صورتحال تشویشناک ہے،

ایوان کو مکمل اعتماد میں لیا جائے اور وزیر خارجہ یہاں آ کر موقف واضح کریں۔ قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہم ایران پر حملے کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد کی بھرپور حمایت کریں گے۔ ایوان میں موجود مختلف جماعتوں کے سینیٹرز نے خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کسی بھی قسم کی جارحیت کی حوصلہ شکنی کرتا ہے اور برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔