سینیٹ انتخابات، اسلام آباد سے یوسف رضا گیلانی 169 ووٹ لے کر کامیاب ،حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے‘ 7 ووٹ مسترد ہوگئے

85
پاکستان تحریک انصاف 12 نشستیں حاصل کرکے سینیٹ میں اکثریتی جماعت بن گئی
پاکستان تحریک انصاف 12 نشستیں حاصل کرکے سینیٹ میں اکثریتی جماعت بن گئی

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے سینیٹ کی عمومی نشست پرپاکستان پیپلزپارٹی کے یوسف رضا گیلانی 169 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ عبدالحفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے‘ 7 ووٹ مسترد ہوگئے۔ ریٹرننگ آفیسر ظفر اقبال نے پولنگ اور ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعدنتائج کا اعلان کیا۔بدھ کو قومی اسمبلی ہال میں سینٹ کی وفاقی دارالحکومت سے دو خالی نشستوں پر پولنگ ہوئی۔

پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ کل 342 کے ایوان میں 340 ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ جماعت اسلامی کے رکن عبدالاکبر چترالی نے ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا جبکہ این اے 75 ڈسکہ کی نشست خالی ہے۔ ریٹرننگ آفیسر کے فرائض الیکشن کمیشن کے سپیشل سیکرٹری ظفر اقبال نے ادا کئے۔

قومی اسمبلی ہال کو بطور پولنگ سٹیشن استعمال کیا گیا جہاں دو پولنگ بوتھ قائم کئے گئے تھے۔ پولنگ بوتھ نمبر ایک پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 سے این اے 171 جبکہ پولنگ بوتھ نمبر دو پر این اے 172 سے این اے 342 تک ووٹ رکھے گئے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے دوپہر بارہ بجے کے قریب اپنا ووٹ پول کیا۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف‘ سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ ‘ خواجہ محمد آصف‘ علی وزیر نیب اور پولیس کی حراست میں ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن کے خصوصی احکامات پر ووٹ ڈالنے کے لئے پولنگ سٹیشن پر لائے گئے۔ شہباز شریف اور خورشید شاہ کافی دیر ایوان میں موجود رہے۔

پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے بیلٹ پر ٹک کی بجائے دستخط کردیئے جبکہ بعد ازاں انہوں نے دوبارہ بیلٹ کے لئے ریٹرننگ آفیسر کے پاس دو الگ الگ درخواستیں جمع کروائیں جنہوں نے اس پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ پولنگ کے اختتام کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے کنول شوذب اور زین قریشی ‘ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے عطاءتارڑ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نوید قمر گنتی کے عمل میں شریک ہوئے۔ پہلے جنرل نشست پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی ہوئی‘ پہلی بار گنتی مکمل ہونے پر زین قریشی کے کہنے پر دوبارہ گنتی کی گئی۔ جس میں ایک بار پھر یوسف رضا گیلانی ہی کامیاب ہوئے۔