اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):سینیٹ نے قومی اسمبلی اورچاروں صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ساتھ کرانے کی قراردادکی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔پیر کو ایوان بالا میں اس سلسلے میں سینیٹر طاہر بزنجو، عبدالغفور حیدری اور فیصل سبزواری اوردیگر ارکان نے قواعد معطل کرنے اورقرارداد پیش کرنے کی تحریک پیش کی ۔
ایوان نے تحریک کی منظوری د ی جس کے بعد سینیٹر طاہر بزنجو نے قراردادپیش کی ۔ قرارداد میں کہاگیا ہے کہ معاشی استحکام کےلئےسیاسی استحکام ضروری ہے ، ملک مزید سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ پنجاب ملک کا آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ملک ہے جہاں پر قومی اسمبلی کی سب سے زیادہ نشستیں ہیں، پنجاب میں پہلے انتخابات سے دیگرچھوٹے صوبوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
محاذ آرائی کی بجائے سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اس لئے قومی اسمبلی اورچاروں صوبائی اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات کرائے جانے چاہئیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اکٹھے انتخابات سے وفاق مضبوط ہوگا۔ ایوان نے کثرت رائے سے قرارداد کی منظوری دیدی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=358910