سینیٹ نے پاکستان ساورن ویلتھ فنڈ بل 2023ء کی منظوری دے دی

179
Senate
Senate

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):سینیٹ نے پاکستان ساورن ویلتھ فنڈ بل 2023ء کی منظوری دے دی۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے تحریک پیش کی کہ پاکستان ساورن ویلتھ فنڈ بل 2023ء قومی اسمبلی کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے۔ اپوزیشن ارکان نے تحریک کی مخالفت کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ ویلتھ فنڈ ملک کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر نکل چکا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہو رہے ہیں اور ہم ملک کا تشخص بہتر بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں،

معیشت پر بہت کھیل کھیلا جا چکا، ہمارا فرض ہے کہ ملک کے تشخص کو بہتر بنانے کیلئے سب مل کر اپنا کردار ادا کریں اور دنیا کو بتائیں کہ ہمارے پاس اتنے اثاثے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معدنی وسائل کی مالیت 6 ٹریلین ڈالر سے زائد ہے، یہ بل قومی مفاد کا بل ہے، اس کو کسی اور زاویے سے دیکھنے کی بجائے ملکی مفاد کے طور پر لیا جانا چاہئے اور اسے منظور کیا جائے۔

اپوزیشن ارکان نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوانے پر اصرار کیا جس کے بعد ایوان سے رائے لی گئی تو تحریک کی کثرت رائے سے منظوری دے دی گئی۔ چیئرمین نے بل شق وار منظوری کیلئے ایوان میں پیش کیا جسے منظور کر لیا گیا۔