سینیٹ کا وفد بین الپارلیمانی یونین کی دعوت پر جنیوا پہنچ گیا

122

جنیوا۔14ستمبر (اے پی پی): سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار کی قیادت میں سینیٹ آف پاکستان کا وفد بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی دعوت پر جنیوا پہنچ گیا۔ سینیٹر اسحاق ڈار، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر سید مظفر حسین شاہ اور سینیٹر کامران مرتضیٰ پر مشتمل یہ وفد ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے پبلک فورم میں بھی شرکت کر رہا ہے۔

سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اپنے دورے کے دوران وفد نے یو این سی ٹی اے ڈی کے سیکرٹریٹ کا دورہ کیا جہاں پہنچنے پر یو این سی ٹی اے ڈی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل پیڈرو مینوئل مورینو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں عالمی ترقی کے چیلنجوں کے پیش نظر یو این سی ٹی اے ڈی کے تعاون، تکنیکی مدد اور پالیسی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ رابطہ کاری پر تفصیلی غور کیا گیا۔ مزید برآں سینیٹ آف پاکستان کے وفد نے ڈبلیو آئی پی او ہیڈ کوارٹرز میں ورلڈ انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (ڈبلیو آئی پی او ) کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر ڈیرن تانگ سے ایک اہم ملاقات کی۔

ڈی جی تانگ نے وفد کو ترقی اور ترقی کے لئے انٹلیکچوئل پراپرٹی کو فروغ دینے میں ڈبلیو آئی پی او کے اہم کردار کے بارے میں آگاہ کیا اور مقامی پروڈیوسرز کے تحفظ اور اختراع کو فروغ دینے کے لئے ڈبلیو آئی پی او کے پاکستان کے ساتھ تعاون پر زور دیا۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے یو این سی ٹی اے ڈی اور ڈبلیو آئی پی او کے تعاون کی تعریف کی اور تجارت، اختراعات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ وفد کا دورہ جنیوا میں اہم بین الاقوامی اداروں کے دیگر اعلیٰ سطحی عہدیداروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے پاکستان کی عالمی شراکت داری کو تقویت ملے گی۔