سینیٹ،عمران خان اپنی شکست تسلیم کر لیں، پی ٹی آئی ڈکٹیٹ نہیں کر سکتی ، یوسف رضا گیلانی

124

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):سابق وزیراعظم سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی شکست تسلیم کر لیں، آخری بال تک لڑنے کے دعوے کرنے والے وکٹیں اٹھا کر ہی بھاگ گئے۔ منگل کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج قائد حزب اختلاف گرفتاریوں کی بات کرتے ہیں، کیا انہیں مریم نواز، خورشید شاہ اور حمزہ شہباز کو جس طرح گرفتار کیا گیا وہ بھول گئے،

ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے میں جو رکاوٹیں ڈالی گئیں وہ سب کو یاد ہیں، پی ٹی آئی نے 120 دن دھرنا دیا لیکن کسی نے رکاوٹیں نہیں ڈالیں، پی ٹی آئی ڈکٹیٹ نہیں کر سکتی کہ الیکشن کب کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک قانون و آئین کے مطابق منظور ہوئی، جو اتحادی انہیں چھوڑ گئے انہیں غدار قرار دے رہے ہیں، عمران خان اپنی شکست تسلیم کر لیں، آج ڈیوڈ لو سے بھی وہ استعفیٰ مانگ رہے ہیں، کل جوبائیڈن سے بھی استعفیٰ مانگ سکتے ہیں۔