سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے او آئی سی سیکرٹری جنرل حسین ابرہیم طحہٰ کی ملاقات

148

اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ہفتہ کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابرہیم طحہٰ سے ملاقات کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے پریس ریلیز کے مطابق نائب وزیراعظم نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے ’’مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع‘‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس میں او آئی سی کی جانب سے اعلیٰ سطح کی شرکت کو سراہا۔

اس موقع پر غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر ، افغانستان، اسلامو فوبیا، دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک ، تشدد اور اس سلسلے میں او آئی سی کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ محمد اسحاق ڈار نے او آئی سی کے اصولی موقف اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا اور اسلامو فوبیا پر او آئی سی کے خصوصی ایلچی کی تقرری کی بھی تعریف کی۔