اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سینیٹر کلثوم پروین تین مرتبہ اس ایوان کی رکن منتخب ہوئیں، ان کی وفات کا بہت دکھ ہوا، ہر ایک نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے، اصل چیز ہمارے اعمال ہیں، ہم نے اپنے اعمال لے کر رخصت ہونا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایوان بالا میں سینیٹر کلثوم پروین کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ ہمارے لئے یاددہانی ہے کہ ہم نے اس ایوان میں بیٹھ کر اپنے ملک اور عوام کی خدمت کے لئے اپنے آپ کو وقف کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث ملک کو مشکل صورتحال کا سامنا ہے، بے سرو سامانی کے باوجود ہم نے مشکلات کا مقابلہ کیا، ہماری معیشت باقی ممالک کی نسبت بہتر ہے، اس میں ہماری حکومت کی حکمت عملی بھی شامل تھی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر کلثوم پروین اس ایوان کی دور اندیش خاتون رکن تھیں، دنیا کے معاملات سے شناسا خاتون اور زیرک سیاستدان تھیں۔ انہوں نے بلوچستان سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا جو کافی حد تک قابل رشک ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطاءفرمائے