اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بائیو میٹرک (بی وی ایم) اور الیکٹرانک ووٹنگ (ای وی ایم) کے نظام سے لیس ہونے کا اقدام اٹھایا ہے جسے آزمائشی بنیادوں پر ضمنی انتخابات کے دوران استعمال کیا جائے گا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے جمعہ کو یہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خریداری کیلئے منعقدہ معاہدہ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جونہی الیکٹرانک اور بائیو میٹرک مشینیں وینڈرز کی طرف سے ڈیلیور کی جائیں گی انہیں ضمنی انتخابات میں آزمائشی بنیادوں پر استعمال کرکے ان کے نتائج کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ایڈمن اور الیکشن کمیشن آف پاکستان داخلی کمیٹی برائے الیکٹرانک مشین اور بائیو میٹرک مشین کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) عباس علی اور میسرز سمارٹ میٹرک انٹرنیشنل نے 150 الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کے معاہدہ پر اپنے اپنے متعلقہ ادارہ کی جانب سے دستخط کئے۔