اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے جمعہ کو اپنے بھارتی ہم منصب کے خط کا جواب دیتے ہوئے انہیں کشمیر کے تنازعے پربات چیت کیلئے رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنرکو بلا کر بھارتی ہم منصب کے نام جوابی خط انکے حوالے کیا۔خط کے متن کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے کشمیرکے تنازعے کا شفاف،منصفانہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نکالنے کی غرض سے بات چیت کیلئے اپنے بھارتی ہم منصب کو رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد آنے کی دعوت دی ہے۔پاکستان نے بھارت سے مقبوضہ کشمیرمیں بیگناہ عوام کیخلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بھی فوری روکنے اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا ہے،جو حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔