سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے جرمنی کے خصوصی نمائندہ گیسپر ویک کی وزارت خارجہ میں ملاقات

71

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے جرمنی کے خصوصی نمائندہ گیسپر ویک نے پیر کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان جرمنی دوطرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیکرٹری خارجہ نے پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے حوالے سے پاکستان کے نکتہ نظر کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی پائیدار انگیجمنٹ اور مسلسل امداد پاکستان کے پڑوسی ملک میں فوری انسانی اور اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے میں معاون ثابت ہو گی۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی امداد کی فراہمی سے ہٹ کر اقدامات کرے کیونکہ یہ طویل مدتی استحکام کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم افغانستان ملک میں اقتصادی استحکام، علاقائی روابط اور انسداد دہشت گردی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔جرمن نمائندہ خصوصی نے انخلاء کی کوششوں میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور امن و استحکام کے مقاصد کو فروغ دینے کے لیے افغانستان کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

انہوں نے دو طرفہ تبادلوں پر اطمینان کا اظہار اور مشترکہ دلچسپی کے تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے جرمنی کے عزم کا اعادہ کیا۔