اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے منگل کو اسلام آباد میں متعین اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سفیروں سے ملاقات کی اور انہیں بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے دو سینئر عہدیداروں کی طرف سے حضور نبی اکرم ﷺ کے بارے میں انتہائی توہین آمیز ریمارکس کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے 5 جون کو او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کا ذکر کیا جس میں او آئی سی کے رکن ممالک کی طرف سے ان جارحانہ ریمارکس کی شدید مذمت کی گئی تھی۔ انہوں نے دنیا بھر میں مسلم امہ کے حقوق اور بنیادی آزادیوں کے فروغ میں او آئی سی کے کردار کو اجاگر کیا۔
سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ مسلمانوں کی حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور عقیدت کے پیش نظر اس طرح کے مکمل طور پر ناقابل قبول اقدامات پر او آئی سی ممالک کی جانب سے شدید ردعمل فطری تھا۔ خارجہ سیکرٹری نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی مذہبی اقلیتوں بالخصوص مسلم آبادی کے حقوق سلب کرنے کے لئے جوابدہ ہونا چاہئے، جو ریاستی سرپرستی میں نفرت انگیز تقریر، ظلم و ستم اور تشدد کا شکار ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے اس سلسلے میں او آئی سی کے خصوصی کردار پر روشنی ڈالی۔