لاہور۔8اپریل (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت لاہور میں کپاس کی فصل کی موجودہ صورتحال کے متعلق جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس سے سیکرٹری زراعت پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آبپاشی سے کوآرڈینشن بہتر کی جائے تاکہ کپاس کی کاشت کے دوران کاٹن زون میں پانی کی ترجیحا فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے تمام ڈائریکٹرزراعت توسیع کو ترجیحا پانی کی فراہمی والی نہروں کی رپورٹ تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امسال لمز کی ٹیم کپاس کی کاشت کے دوران فیلڈ سٹاف کی مانیٹرنگ کرے گی۔زراعت توسیع کے افسران جو ڈیٹا شئیر کریں اس میں کاشتکار کا نام،کاشتہ کپاس کا رقبہ،قسم اور رابطہ نمبر ضرور درج ہونا چاہیے۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ڈویژن وائز گندم کی کٹائی سے متعلق مفصل رپورٹ بمعہ فی ایکڑ پیداوار اور آئندہ کاشت ہونے والی فصلوں کے رحجان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ گندم کی کٹائی کے فوری بعد کاشتکاروں کو کپاس کی کاشت کی جانب راغب کیا جائے تاکہ زیر کاشت رقبہ میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ہو سکے۔اس کے علاوہ ڈویژنل و ڈسٹرکٹ ایڈوائزری کمیٹیوں میں مقامی ایم این اے اور ایم پی اے کو بھی مدعو کیا جائے۔
عید کی چھٹیوں کے بعد کاشتکاروں کی فنی راہنمائی و آگاہی کیلئے کاشتکاروں کے اجتماع، کسان میلے منعقد کئے جائیں اور ان میں ممبر قومی و صوبائی اسمبلی کو ضرور بلایا جائے تاکہ کپاس کی اس جاری مہم بارے انہیں بھی آگاہی حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن میں چولستان کے علاقے میں کپاس کی اچھی پیداوار حاصل ہوتی ہے۔
کپاس کی کاشت کے دوران کھاد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت سے مسلسل رابطہ میں ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے واضح کیا کہ زراعت کی تمام فارمیشنز کی متفرق ڈیوٹیاں ختم کر دی گئی ہیں۔عید کے فوری بعد تمام افسران و فیلڈ عملہ کپاس کی کاشت سے چنائی تک کاشتکاروں کے شانہ بشانہ شریک رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال زراعت توسیع کے عملہ نے عید اور محرم الحرام کی چھٹیوں میں بھی کام کیا تھا۔اسی جذبے کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن،ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ ڈاکٹر غلام عباس،ڈائریکٹر جنرل زراعت کراپ رپورٹنگ ڈاکٹر عبدالقیوم،کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈائریکٹرز زراعت توسیع آن لائن شریک ہوئے۔