سیکرٹری زراعت پنجاب کی کپاس کی مینجمنٹ کیلئے فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت

165
Cotton

ملتان۔ 31 اگست (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کپاس کی مینجمنٹ کیلئے فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت یہاں نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں کپاس کی فصل بارے جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔

کپاس کی موجودہ صورت حال اور حالیہ بارشوں کے فصل پر اثرات اور اس کی مینجمنٹ کے حوالے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ کپاس کی بہتر مینجمنٹ کیلئے فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں کل 34لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کی گئی ہے،روئی کے پیداواری ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

افتخار علی سہو نے کہا کہ ستمبر کا مہینہ کپاس کی مینجمنٹ کے حوالے سے بہت اہم ہے،کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے جاری فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے،کپاس کی فصل کی بہتر نگہداشت بارے کاشتکاروں کی رہنمائی کی جائے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ موسمی پیشن گوئی کے مطابق ستمبر کا مہینہ کپاس کی فصل کیلئے بہتر رہے گا موسمی حالات کے پیش نظر کپاس کی فصل کو کیڑوں و بیماریوں سے بچانے کیلئے بروقت ایڈوائزری جاری کی جائے،ٹیکنیکل ایڈوائزی موسمی پشین گوئی کے مطابق جاری کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف انٹرن شپ پروگرام کے تحت نوجوان زرعی گریجویٹس 16ستمبر سے فیلڈ میں عملی سرگرمیاں شروع کردیں گے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کو کاٹن ویلی بنانے کیلئے قابل عمل پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔

انہوں نے کپاس کی صاف چنائی،ذخیرہ و ترسیل بارے کاشتکاروں کو فنی رہنمائی فراہم کرنے کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات کیں۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب رانا شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب چوہدری عبدالحمید،ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول،ڈائریکٹرجنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں،ڈائریکٹر جنرل کراپ رپورٹنگ سروس عبدالقیوم،چیف سائنٹسٹ ایوب ریسرچ ڈاکٹر ساجد الرحمان،فوکل پرسن کاٹن ڈاکٹر محمد انجم علی،کپاس کے ترقی پسند کاشتکار سید حسن رضا،خالد محمود کھوکھر،کاٹن ایکسپرٹ ڈاکٹر محمد اقبا ل بندیشہ سمیت محکمہ زرعت توسیع وپیسٹ وارننگ کے افسران نے شرکت کی۔