سیکرٹری منصوبہ بندی کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی منصوبہ بندی و ترقیات کو بریفنگ

84

اسلام آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی منصوبہ بندی و ترقیات کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ گوادر پاک چین اقتصادی راہداری کا انتہائی اہم مرکز ہے تاہم مقامی آبادی پانی سے محروم ہے اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی پر زیادہ توجہ کی ضرورت ہے جبکہ سیکرٹری منصوبہ بندی نے اجلاس کے شرکاءکو بتایا کہ چینی کمپنی بندر گاہ کے لیے بنائے گئے پلانٹس سے پانی فراہم کرنا چاہتی ہے اور ایف ڈبلیو او نے بھی پیش کش کی ہے، ایک سال میں معاملہ حل ہوجائے گا۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے طویل المدت منصوبہ جات پر بریفنگ کے علاوہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبہ کے تحت گوادر میں صاف پانی کی فراہمی کے بارے میں ایوان بالا میں سینیٹر محمد طلحہ محمود کا پوچھا گیا سوال ایجنڈے میں زیر بحث آیا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ گوادر پاک چین اقتصادی راہداری کا انتہائی اہم مرکز ہے۔ لیکن مقامی آبادی پانی سے محروم ہے۔ شہریوں کی سہولیات پر زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔ آئندہ اجلاس میں گوادر پورٹ اتھارٹی ، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، چیف سیکرٹری صوبہ بلوچستان اور متعلقہ حکام پانی فراہمی اور پانی کے وسائل کے علاوہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کریں۔