سیکنڈ سیڈڈ کارلوس الکاراز اور ٹیلر فریٹز کی پیش قدمی جاری ،ومبلڈن اوپن ٹینس مینز سنگلز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے

39
Wimbledon Open Tennis Men's Singles
Wimbledon Open Tennis Men's Singles

لندن۔9جولائی (اے پی پی):سپین کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار ، سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز اور امریکا کے ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن ٹینس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے جبکہ روسی ٹینس سٹار کیرن خچانوف اور انگلینڈ کے ٹینس کھلاڑی کیمرون نوری مینز سنگلز کے ٹاپ 8 رائونڈ میں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔

ہسپانوی ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں برطانوی حریف کھلاڑی کیمرون نوری کو مات دے کر سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیاجبکہ امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز نے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں روس کے حریف کھلاری کیرن خچانوف کو ہرا کر ٹاپ فور رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ امریکی ٹینس سٹار ٹیلر فریٹز پہلی مرتبہ ومبلڈن اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کا موقع مل رہے ہیں ۔

پانچ گرینڈ سلام ٹائٹلز کے چیمپئن اور میگا ایونٹ کے دفاعی چیمپئن 22 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے چوتھے رائونڈ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برطانوی حریف کھلاڑی کیمرون نوری کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 ،3-6اور 3-6 سے شکست دے کر نہ صرف ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ سیمی فائنل رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا ۔میگا ایونٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں امریکا کے ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز نے روسی حریف ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف کو 3-6، 4-6، 6-1 اور 6-7(4-7)سے ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

سیمی فائنل رائونڈ میں ہسپانوی ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز کا مقابلہ امریکی ٹینس سٹار ٹیلر فریٹز سے ہوگا۔ امریکی ٹینس سٹار ٹیلر فریٹز پہلی مرتبہ ومبلڈن اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔کوارٹر فائنل میں برطانوی ٹینس کھلاڑی کیمرون نوری کے خلاف فتح حاصل کرنے والے کارلوس الکاراز کی یہ مسلسل 23 ویں جیت ہے اور اب وہ مسلسل تیسرا ومبلڈن اوپن ٹائٹل جیتنے کے لئے صرف دو فتوحات کی دوری پر ہیں۔