سیکورٹی فورسز کا تیراہ میں آپریشن ،2 دہشت گرد جہنم واصل ، 2 جوان شہید ہو گئے

249
ISPR
ISPR

راولپنڈی۔26اپریل (اے پی پی):سیکورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔ بدھ کو آئی ایس پی آر کے مطابق گذشتہ روز خیبر ضلع کے علاقے تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پاک فوج کے جوانوں نےمؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے اور 4 دہشت گرد زخمی ہوئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی وقاص علی شاہ (عمر 26 سال، ساکن ڈسٹرکٹ چارسدہ) اور سپاہی باسط علی (عمر 24 سال، ساکن ڈسٹرکٹ پشاور) نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کر لیا۔

علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔