شاداب خان کو اپنے باولنگ ایکشن کی وجہ سے فٹنس مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے،رمیز راجہ

71
رمیز راجہ

آکلینڈ۔16دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی میں عبداللہ شفیق اور حیدر علی کو اوپنربھیجنے کا رسک اٹھایا جاسکتا ہے‘ کافی عرصہ بعد پاکستان کو کوالٹی فاسٹ باولنگ میسر آئی ہے‘ شاداب خان کو اپنے باولنگ ایکشن کی وجہ سے فٹنس مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بدھ کو اپنے یو ٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف نوجوان عبداللہ شفیق اور حیدر علی باصلاحیت کھلاڑی ہیں ان کو اوپنر بھیجنے کا رسک اٹھایا جاسکتا ہے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ جب کم امیدوں کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں تو بعض دفعہ اچھے نتائج برآمد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا شمار جدید کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں ہوتا ہے‘ وہ ڈر کے بغیر کھیلتے ہیں۔ ان کے پاس مارٹن گپٹل‘ گلین فلپس اور وکٹ کیپر بلے باز سائفرڈ جیسے جارحانہ بلے باز موجود ہیں۔ رمیز راجہ نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں لیگ سپنر کا اہم کردار ہوتا ہے اسی وجہ سے نیوزی لینڈ دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ان کے پاس پاس ایسٹل اور سینٹنر جیسے اچھے سپنر ہیں۔ نیوزی لینڈ کی متوازن باولنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ بہت شاندار ہے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت نئے اوپنرز اور نئے مڈل آرڈر کے ساتھ میدان میں اترنا پڑے گا‘ اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی آپشن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاداب خان کو اپنے باولنگ ایکشن کی وجہ سے فٹنس مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر وہ میچ میں باولنگ نہیں کرتے تو پاکستان کے لئے نقصان دہ ہوگا۔ پاکستان کے پاس افتخار احمد اور عماد وسیم جیسے آل راونڈر موجود ہیں جو اچھی ہٹنگ کر لیتے ہیں۔ کافی عرصہ بعد پاکستان کو کوالٹی فاسٹ باولنگ میسر آئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف جارحانہ کھیلنے اور فیلڈنگ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔