لاہور۔29ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے انٹرنیشنل لیبر اینڈ ٹریڈ یونینز کے 12رکنی اعلی سطح کے وفد نے ہفتہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن ایشیا پیسیفک سنگا پور کے جنرل سیکرٹری مسٹر شویا یوشیدا کر رہے تھے۔ملاقات میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے باہمی تعاون اور اشتراک پر اتفاق ہوا۔ملاقات کے دوران مختلف ممالک کے ساتھ تجارت کے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا ۔صوبائی وزیر نے وفد کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں،خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹیوٹا کے اداروں میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 19سینٹرز آف ایکسیلینس بنائے جارہے ہیں،شیخوپورہ میں 630ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بن رہا ہے جس میں حکومت صنعتی یونٹس کیلئے عمارتیں تعمیر کرکے سرمایہ کاروں کو رینٹ پر دے گی۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ صنعتی مراکز میں صنعتی انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے،
ٹیوٹا کے اداروں کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے اور پنجاب کی سکل ڈویلپمنٹ پالیسی 2024منظوری کیلئے کابینہ کو بھجوائی گئی ہے،ٹیوٹا کے اداروں میں پہلی بار سولر سٹڈی کا آغاز کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ متعدد چائنیز کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سولر انرجی اور الیکٹرک وہیکلز کا فروغ پنجاب حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
وفد کے اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تجارت اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ میں پنجاب کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔وفد میں جنرل سیکرٹری سائوتھ ایشین ٹریڈ یونین کنفیڈریشن نیپال لکشمن بیسنیٹ ،انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر مسٹر گائرٹانسٹال ،کنٹری مینیجر اطالوی ٹریڈ یونین کوآپریشن ایجنسی روم یوگینیوموذیریلی اور کنٹری ہیڈامریکن سولیڈرٹی سنٹر پاکستان عماد اشرف شامل تھے-صدر ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان ملک طاہر جاوید،صدر پاکستان ورکرز فیڈریشن چوہدری نسیم اقبال اور دیگر بھی وفد میں شامل تھے۔