شاندار چوک تاجادہ مرکزی شاہراہ اورجامع سکول تا کچہری لنک روڈ کی بحالی وتعمیر مکمل، جہلم کے عوام کو مزید خوشخبریاں دیں گے، بلال اظہر کیانی

122

جہلم۔3جون (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی نے ضلع جہلم کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہونے پر عوام کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ شاندار چوک تاجادہ مرکزی شاہراہ اورجامع سکول تا کچہری لنک روڈ کی بحالی وتعمیر نو سے عوام کو ایک دیرینہ تکلیف اور پریشانی سے نجات مل گئی ہے، یہ مجموعی طورپر 5 کلومیٹر کی سڑک ہے جس میں تین کلومیٹر کی مرکزی شاہرہ اور دو کلو میٹر کی لنک رو ڈ ہے جس پر 21 کروڑ55 لاکھ 94 ہزار روپے کی لاگت آئی ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو شاندارچوک سے جادہ تک 5 کلو میٹر طویل شاہراہ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ یہ منصوبہ ضلع جہلم کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو پورا ہوگیا ہے، شاندارچوک سے جادہ تک 5 کلو میٹر طویل شاہراہ کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد ہفتہ کو وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی نے منصوبے کا اففتاح کیا۔

اس موقع پر عمائدین علاقہ، اعلی افسران اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی نے علاقہ کے عوام کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ شاندار چوک تاجادہ مرکزی شاہراہ اورجامع سکول تا کچہری لنک روڈ کی بحالی وتعمیر نو سے عوام کو ایک دیرینہ تکلیف اور پریشانی سے نجات مل گئی ہے۔ یہ مجموعی طورپر 5 کلومیٹر کی سڑک ہے جس میں تین کلومیٹر کی مرکزی شاہرہ اور دو کلو میٹر کی لنک رو ڈ ہے جس پر 21 کروڑ55 لاکھ 94 ہزار روپے کی لاگت آئی ہے۔ یہ جہلم کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جو آج پورا ہوگیا ہے، الحمدللہ۔ ان شاہراہوں کی بحالی اور تعمیر نو سے روزہ مرہ ٹریفک کے مسائل سے نجات ملنے کے علاوہ شہریوں کا وقت بھی بچے گا۔ انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف اور پنجاب حکومت کا بھی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ منصوبے کی تکمیل اور معیار کے حوالے سے متعلقہ حکام کو بھی انہوں نے خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہاکہ پورے ضلع جہلم خاص طورپر این اے۔60 میں خدمت کا سفر ایک نئی رفتار سے شروع ہوچکا ہے۔ حلقے کے عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کررہا ہوں۔آنے والے دنوں میں بجلی کی فراہمی اور اس سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے بھی بھرپور خدمت کا سلسلہ شروع ہوگا۔ حلقے کے عوام کو خوش خبریاں دیتے رہیں گے۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ این اے۔60 میں سڑکوں، بجلی اور دیگر ترقیاتی کاموں کو بھی نہ صرف’’پاکستان سپیڈ‘‘سے پورا کرائیں گے بلکہ معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ پوری نگرانی رہے گی۔ صحت، تعلیم سمیت ہر شعبے میں معاملات کی بہتری کریں گے تاکہ عوام کو ریلیف ملے، ان کے مسائل حل ہوں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں سمیت حلقے کے تمام طبقات کی بلا تفریق خدمت کریں گے، حلقے میں رہنے والے افراد میرے لئے گھر کے افراد کا درجہ رکھتے ہیں۔

بلال اظہر کیانی نے کہاکہ مشکل معاشی حالات کے باوجود وزیراعظم شہبازشریف نے سرکاری شعبے کے ترقیاتی منصوبوں(پی ایس ڈی پی) کے لئے 1100 ارب روپے رکھے ہیں جوایک بڑا فیصلہ اور اہم قدم ہے۔ یہ قائد محمد نوازشریف کی عوام اور ملک دوست روایت کا تسلسل ہے۔ یہ موجودہ حکومت کی عوام اور ملک کی ترقی کی سوچ اور ایجنڈے اور اس کے ساتھ پختہ وابستگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاککہ للہ جہلم روڈ اہل جہلم کا دیرینہ مطالبہ ہے جسے انشااللہ پورا کرانا ہے۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے اس معاملے میں مسلسل رابطہ ہے تاکہ پی ایس ڈی پی میں اس منصوبے کے لئے فنڈز رکھے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے2018 کے بجٹ میں1000 ارب روپے کا پی ایس ڈی پی رکھا تھا ۔ اِن شااللہ، اس سے ملک میں ترقی کا سفر تیز ہوگا، عوامی ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار بڑھے گی جس سے ملک میں روزگار کی فراہمی ہوگی اور معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ چار سال میں سابق حکمرانوں نے صرف اپنی ذاتی کمائی کے منصوبے بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست بچانے کیلئے سیاسی مفادات کی پرواہ نہیں کی، اپنی چادر دیکھ کر پائوں پھیلانے کی پالیسی اپنائی ہے۔ اس موقع پر عوام نے محمد نواز شریف، وزیراعظم شہبازشریف اور موجودہ حکومت کے حق میں نعرہ بازی کی اور منصوبے کی تکمیل پر شکریہ ادا کیا۔