اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):چیئرمین پیاس انٹرنیشنل رانا عمران لطیف نےسندھ حکومت کی جانب سے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی کے حالیہ فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے اس امر پر زور دیا ہے کہ قومی سطح پر بھی پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال کے خلاف مکمل پابندی اور اس پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
پیر کو جاری ایک بیان میں رانا عمران لطیف نے کہا کہ شاپنگ بیگز ایک خاموش قاتل ہیں جو ہماری آئندہ نسلوں کی صحت اور ہمارے ماحول کو مستقل طور پر تباہ کر رہے ہیں اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت قومی سطح پر ان کے خلاف سخت قانون سازی کرے اور اس پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شاپنگ بیگز تیزی سے انسانی صحت، زمینی زرخیزی، آبی حیات اور فضائی ماحول کے لیے ایک زہرِ قاتل بن چکے ہیں۔ ماحولیاتی ماہرین اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلسل متنبہ کر رہی ہیں کہ ان بیگز میں شامل خطرناک کیمیکلز سے نہ صرف کینسر، بانجھ پن، سانس کی بیماریاں اور ہارمونی نظام کی خرابی جنم لیتی ہے بلکہ یہ ہماری فضا، زمین، اور پانی کو بھی مستقل نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پیاس انٹرنیشنل نے اس امر پر زور دیا کہ یہ صورتحال فوری اور سخت اقدامات کی متقاضی ہے ۔