ریاض ۔ 25 جنوری (اے پی پی) سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی پاکستانی عوام کی امدادی مہم چلانے والے ادارہ نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کے لئے امدادی پیکج کے پہلے مرحلہ کا تعمیراتی پراجیکٹ مکمل کر لیا گیا ہے ۔ سعودی میڈیا نے شاہ سلمان کی پاکستانی عوام کی امدادی مہم چلانے والے ادارہ کے حوالہ سے بتایا کہ امدای پیکیج کے تحت پاکستان میں 2010 ءکے سیلاب سے سے متاثرہ علاقوں میں 5000 مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی پاکستانی عوام کی امدادی مہم چلانے والے ادارہ کے علاقائی ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد بن عثمان نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں 2600 مکانات کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے اور پراجیکٹ کے پہلے مرحلہ میں پنجاب ، سندھ اور خیبر پختونخوا کے 13 اضلاع میں یہ مکانات تعمیر کئے گئے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ ہر مکان میں دو بیڈ رومز، ایک باورچی خانہ مقامی مروجہ روایات اور رسم ورو اج کے مطابق بنائے گئے ہیں ۔