پیانگ یانگ۔5نومبر (اے پی پی):شمالی کوریا نے امریکا،جنوبی کوریا اور جاپان کی مشترکہ فضائی مشقوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا دفاعی جوہری صلاحیت کو تقویت دینے کی اپنی پالیسی پر قائم رہے گا۔ شنہوا کے مطابق ورکرز پارٹی آف کوریا کی سینٹرل کمیٹی کے نائب ڈائریکٹر کم یو جونگ نےگزشتہ روز جاری بیان میں امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان کی جانب سے اتوار کو کی جانے والی فضائی مشقوں کی مذمت کی جن میں امریکا کے سٹریٹجک بمبار طیاروں B-1B نے بھی حصہ لیا۔
شمالی کوریا اس اقدام کو دشمن قوتوں کی انتہائی مخاصمانہ اور خطرناک جارحانہ نوعیت کی کارروائی تصور کرتا ہے اور اپنی جوہری دفاع کی پالیسی کے درست ہونے کا ثبوت تصور کرتا ہے ۔بیان میں گزشتہ فوجی مشقوں اور اس کے ساتھ ساتھ جزیرہ نما کوریا میں امریکی جوہری سٹریٹجک اثاثوں کی ریکارڈ تعیناتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ جنگی مشقوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ شمالی کوریا اور پورے خطے کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ شمالی کوریا خود دفاعی جوہری صلاحیت کو تقویت دینے کی اپنی پالیسی لائن کو برقرار رکھے گا جو موجودہ صورتحال میں درست اور واحد آپشن ہے۔