شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ کا انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں خطاب

241

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی روابط کو بہتر بنانے کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے اراکین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے موزوں ہے، وسطی ایشیا کے ممالک لینڈ لاکڈ ہیں اور پاکستان ان ممالک کو مختصر سمندری رسائی فراہم کرنے کے لیے مثالی طور پر واقع ہے، اس سے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک اور اس سے بھی آگے کے درمیان تجارت میں آسانی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے چار روزہ دورہ پاکستان کے موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نقل و حمل کی راہداری تمام رکن ممالک کو فائدہ پہنچانے کے لیے کھڑی ہے۔ ایس سی او اپنے دائرہ کار اور کام کے لحاظ سے ایک کثیر جہتی تنظیم ہے اور پاکستان اس سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ تقریب کا اہتمام آئی ایس ایس آئی میں چائنا پاکستان اسٹڈی سینٹر نے کیا تھا۔

ایس سی او کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ نے ایس سی او کے ڈھانچے، افعال اور تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم شنگھائی روح کے رہنما اصولوں پر قائم ہوئی تھی، اگرچہ اس کا آغاز علاقائی سلامتی کے ادارے کے طور پر ہوا لیکن اس نے بعد میں اپنے کام کو معیشت، سیاست اور عوام سے عوام کے رابطوں تک پھیلا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او توسیع کر رہا ہے، اس کا آغاز پاکستان اور بھارت کے مستقل ارکان کے طور پر شامل ہونے سے ہوا، ایران نے مکمل رکنیت کے لیے درخواست دی اور رکنیت کے معیار کو پورا کرنے کے بعد اسے مستقل رکن کا درجہ دے دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اب ایس سی او فیملی اکیس ارکان پر مشتمل ہے۔ ژانگ منگ نے کہا کہ چین شنگھائی تعاون تنظیم کا ایک اہم رکن ملک ہے جو رکن ممالک کے درمیان اقتصادی ترقی کے شعبے سمیت تعاون کو بڑھانے میں تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایس سی او اتفاق رائے پر مبنی اصول پر کام کرتا ہے، اس لیے تمام اراکین کو یکساں طور پر بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا قیام بیس سال قبل ہوا تھا اور اس وقت کے حالات اور ضروریات مختلف تھیں، اب بین الاقوامی سطح پر بہت سی جیو پولیٹیکل اور جیو اکنامک تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، ایس سی او کو اپنی فعال کارکردگی کے لیے اس کے مطابق ڈھال لینا چاہیے۔

قبل ازیں اپنے خیرمقدمی کلمات میں ڈائریکٹر چائنا پاکستان اسٹڈی سینٹر ڈاکٹر طلعت شبیر نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور ادارے کے وژن، افعال اور اس کے پانچ سنٹرز آف ایکسی لنس کا مختصر تعارف پیش کیا۔ اپنے ریمارکس میں انہوں نے ایس سی او کی اہم خصوصیات، اس کی کامیابیوں، اس کو درپیش چیلنجز اور اس میں پاکستان کے تعاون پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے شرکاءکو بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں چائنا پاکستان اسٹڈی سینٹر شنگھائی تعاون تنظیم کے مطالعہ کے میدان میں تحقیق اور تجزیوں میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔ تقریب کے آخر میںسفیر خالد محمود نے ژانگ منگ کو آئی ایس ایس آئی کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔ تقریب میں ماہرین تعلیم، سفارتی برادری، طلباءاور میڈیا سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔