شورکوٹ ۔ 23 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ سٹی کا دورہ کیا اور زیر علاج مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی سمیت ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرکے محکمانہ سروسز اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹر وسٹاف سے ملاقات کرکے مریضوں کے علاج معالجے،طبی سہولیات اور ہیلتھ سروسز بارے دریافت کیا اور مزید بہتری کے لیے موقع پر احکامات جاری کئے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ہیلتھ سروسز کا جائزہ لینے کے حوالہ سے دورہ کیا اور ڈاکٹرز و سٹاف کی حاضری سمیت دیگر انتظامی امورکو چیک کیا۔
انہوں نے ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت ٹی ایچ کیوز اور مراکز صحت میں بہترین ہیلتھ سروسز کی فراہمی کویقینی بنانے کےلئے براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر امتیاز محسن اور اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ کے ہمراہ محرم الحرام کے حوالے سے جلوسوں کے روٹس پر پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وزٹ کیااور بریفنگ لی۔
ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شورکوٹ میں بھی مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات،ادویات کے سٹاک اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور ایم ایس کو ضروری ہدایات جاری کئیں۔