چٹوگرام۔10دسمبر (اے پی پی):بنگلہ دیشی آل رائونڈر شکیب الحسن نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سابق آسٹریلوی سپنر شین وارن کی زیادہ وکٹوں کار ریکارڈ توڑ دیا،
شکیب نے ہفتہ کو بھارت کے خلاف کھیلے گئے تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں دو وکٹیں لیکر یہ کارنامہ انجام دیا، شین وارن نے 194میچز میں 293وکٹیں لے رکھی تھیں جبکہ شکیب الحسن کی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں وکٹوں کی تعداد 294ہو گئی ہے اور وہ زیادہ وکٹوں کی فہرست میں 14ویں نمبر پر آ گئے ہیں،
ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی اعزاز سابق سری لنکن سپنر متھایا مرلی دھرن کے پاس ہے جنہوں نے 534وکٹیں لے رکھی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شکیب الحسن ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بنگلہ دیشی بیٹر بھی بن گئے ہیں،
انہوں نے بھارت کے خلاف آخری ون ڈے میں 43رنز کی اننگز کھیل کر ہم وطن بیٹر مشفق الرحیم کو زیادہ رنز کی فہرست میں پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا، شکیب نے اب تک 224میچز میں 6835رنز بنا رکھے ہیں جبکہ مشفق نے 239میچز میں 6811رنز بنائے ہوئے ہیں، بنگلہ دیش کی جانب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز تمیم اقبال کے پاس ہے جنہوں نے 8074رنز بنائے ہوئے ہیں۔