لاہور۔29ستمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی مستونگ میں جشن عید میلادالنبی ﷺکی ریلی میں دھماکے کی شدید مذمت۔اپنے مذمتی بیان میں شہبازشریف نے مدینہ مسجد ،مستونگ کے قریب دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والے ڈی ایس پی مستونگ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
سابق وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جشن آمد رسول کے دِن یہ قابل نفرت فعل دنیا اور آخرت میں قابل نفرت رہے گا۔رحمت اللعالمین کی ولادت باسعادت کے دِن یہ مذموم واقعہ شیطان ہی کرسکتے ہیں۔مستونگ میں بڑھتے ہوئے بدامنی کے واقعات تشویشناک ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں،
شہبازشریف نے شہداکے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔