شہر سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھرپور اور مربوط حکمت عملی اپنائی جائے،میئر کراچی

186
Mayor Karachi Barrister Murtaza Wahab

کراچی۔ 08 جون (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھرپور اور مربوط حکمت عملی اپنائی جائے، کے ایم سی کی حدود میں تعمیر شروع کرنے والی عمارات پر نظر رکھی جائے اگر وہ غیرقانونی طور پر تعمیر کی جا رہی ہوں تو ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تجاوزات سے شہر میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے، خاص طور پر فٹ پاتھوں پر اگر تجاوزات قائم ہوں تو ٹریفک حادثات بڑھ جاتے ہیں۔

ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو محکمہ اسٹیٹ، محکمہ لینڈ، محکمہ انسداد تجاوزات اور محکمہ کونسل کے علیحدہ علیحدہ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی، ڈپٹی کمشنر جنوبی کیپٹن (ریٹائرڈ) الطاف ساریو، ایس ایس پی جنوبی، ایس ایس پی شرقی کے علاوہ متعلقہ محکمہ جاتی سربراہان نے شرکت کی۔

میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں خاص طور پر ضلع جنوبی اور ضلع شرقی میں واقع فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات صاف کی جائیں، فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کا حق ہے اور اگر فٹ پاتھوں پر تجاوزات ہوں گی تو عوام سڑکوں پر چلتے ہیں جس سے ٹریفک حادثات رونما ہوتے ہیں۔ میئر کراچی نے سینئر ڈائریکٹر لینڈ صباح الاسلام اور سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات عمران راجپوت کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر تجاوزات کے خلاف آپریشن کریں۔ خاص طور پر پارکوں، کھیل کے میدانوں اور عبادت گاہوں کے سامنے یا اطراف میں تجاوزات ہرگز قائم نہیں ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ لینڈ مافیا نے فٹ پاتھوں پر کنٹینرز رکھ کر دکانیں بنائی ہوئی ہیں انہیں فوری ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے کسی بھی قسم کا دباؤ قبول نہ کیا جائے۔ میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کی مارکیٹوں کے اندر بھی دکانداروں نے تجازات قائم کی ہوئی ہیں اور اپنی دکان کی حدود سے نکل کر راہداریوں اور پیدل چلنے والی جگہ پر قبضہ کیا ہوا ہے جنہیں ختم کرنا ضروری ہے۔

میئر کراچی نے اجلاس میں موجود ایڈیشنل ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں موثر کارروائی کریں اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے اپنا کردارا دا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو افسران کارکردگی نہیں دکھائیں گے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ میئر کراچی نے کہا کہ میئر شپ کے ایک سال کے دوران مجھے تمام افسران کی کارکردگی کا اندازہ ہوچکا ہے اس لئے بہتر ہوگا کہ افسران اپنی ذمہ داریوں کو محنت، لگن اور شفاف طریقے سے ادا کریں، بصورت دیگر افسران کے خلاف مجھے کارروائی کرنی ہوگی۔

میئر کراچی نے کہا کہ انسداد تجاوزات اور محکمہ لینڈ کے افسران تجاوزات پر اپنی آنکھیں بند نہ رکھیں بلکہ اپنے اپنے علاقوں پر گہری نظر رکھیں اور ابتدائی سطح پر ہی تجاوزات کے خلاف کارروائی کرکے لینڈ مافیا اور شرپسند عناصر کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ شہر بہتر ہوسکے اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئے۔