شہری ڈینگی کے خاتمہ کے لئے دفاتر، گھروں، لانز،آرائشی پودوں کے گملوں میں پانی ذخیرہ نہ ہونے دیں،ڈی جی زراعت فیصل آباد

106

فیصل آباد۔ 21 جون (اے پی پی):چیف سائنٹسٹ و ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمن نے کہا ہے کہ شہری ڈینگی کے خاتمہ کے لئے دفاتر، گھروں، لانز،آرائشی پودوں کے گملوں میں پانی ذخیرہ نہ ہونے دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آری فیصل آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔ڈاکٹر ساجد الرحمن نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمہ کی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ڈینگی مچھر کی افزائش کی جگہوں کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسم برسات اور مون سون میں شہری اپنے ارد گرد کے ماحول، دفاتر، گھروں اور پارکس میں پانی کے ذخائر کو صاف رکھیں تاکہ موسم برسات میں ڈینگی مچھر اور وائرس پرورش نہ پا سکیں۔

ڈاکٹر جاوید احمد نے کہا کہ عوام اپنے ماحول کو حفظان صحت کے مطابق رکھیں کیونکہ اس سے ہم نہ صرف ڈینگی بلکہ دیگر بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر قربان علی نے کہا کہ مون سون کا موسم ڈینگی کی افزائش کیلئے انتہائی سازگارہوتاہے لہٰذا تمام حکام اپنے دفاتر، پارکس، سرکاری و دیگر رہائشی کالونیز کے علاوہ ارد گرد کے تمام مقامات پر اینٹی ڈینگی سرگرمیوں کو مانیٹر کریں اور ہفتہ وار صفائی کو معمول بنائیں تاکہ ڈینگی سے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر محمد نسیم نے شرکاکو بتایا کہ ڈینگی مچھر کے انڈوں اور لارووں کو ختم کرنے کیلئے فالتو چیزوں کو ضائع کر دیں، کسی بھی چیز، برتن یا جگہ میں رکا ہوا پانی خشک کریں، گیلی یا پانی والی جگہوں پر ریت یا مٹی ڈالیں۔

ڈاکٹر آصف علی نے کہاکہ ڈینگی ایک خطرناک مرض ہے اور اس سے متاثرہ شخص کے جسم اور سر میں درد،وقفہ وقفہ سے بخار بھی رہتا ہے۔ ڈینگی ماہرین نے کہا کہ پرانے ٹائرز، بیٹریاں، ریفریجریٹر کے ٹرے کے علاوہ غیر آباد جگہوں پر پڑے ٹوٹے برتنوں، کھانے پینے کی اشیا کے ریپرز اور چھتوں پر موجود دیگر ٹوٹا پھوٹا کاٹھ کباڑ بھی صاف کیا جانا چاہیے کیونکہ ان اشیا میں جمع شدہ بارش کا پانی بھی ڈینگی کی افزائش میں مددگار ہوتاہے۔

اس موقع پرچیف سائنٹسٹ شعبہ گندم ڈاکٹر جاوید احمد، چیف سائنٹسٹ شعبہ انٹومالوجی ڈاکٹر قربان علی، چیف سائنٹسٹ شعبہ سائل کیمسٹر ی ڈاکٹر محمد نسیم،چیف سائنٹسٹ شعبہ پلانٹ پیتھالوجی ڈاکٹر محمد شاہد اور چیف سائنٹسٹ شعبہ ہارٹیکلچر ملک محسن عباس، ڈائریکٹر شعبہ سبزیاں ڈاکٹر محمد اقبال، ڈائریکٹر زرعی اطلاعات فیصل آباد ڈاکٹر آصف علی، سینئر سائنٹسٹ ڈاکٹر اللہ نواز، حافظ محمد سعید، ڈاکٹر محمد آفتاب،ڈاکٹر عرفان الحق، ڈاکٹر فیصل حفیظ، ڈاکٹر دلبر حسین، ڈاکٹر محمد عمران، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت انفارمیشن فیصل آباد محمد اسحاق لاشاری ودیگر بھی موجود تھے۔