شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کا مشن چلتا رہے گا،ڈی پی اومظفرگڑھ

12

مظفرگڑھ۔ 19 جون (اے پی پی):ڈی پی او مظفرگڑھ نے اے ایس پی علی احمد اور ڈی ایس پی عبدالغفار کے ہمراہ تھانہ دائرہ دین پناہ اور تھانہ صدر کوٹ ادو میں کھلی کچہریاں منعقد کیں۔اس موقع پر انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ واردات ٹریس کر کے 7 دن میں رپورٹ کریں، بلاوجہ تاخیر سے شہریوں کو اذیت میں نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں ڈکیت گینگز کا مکمل صفایا ہماری اولین ترجیح ہے،محرم الحرام میں عوام کو بھرپور سیکیورٹی دی جائے گی اور قانون پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ڈی پی او نے کہا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کا مشن چلتا رہے گا، شہریوں کو جدید دور میں فیڈ بیک کےلئے بھی جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فائدہ بہم پہنچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، بھاری جرمانے عائد کر کے کالے پیپر اتارے جا رہے ہیں، سیکیورٹی کے پیش نظر سخت کریک ڈاون کا آغاز کردیا گیا ہے۔