شہریوں کو پانی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، اسلام آباد واٹر ایجنسی پائیدار آبی مستقبل کے ویژن کی عکاس ہے، چیئرمین سی ڈی اے

7

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد و ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ شہریوں کو پانی کی فراہمی سی ڈی اے کی ترجیح ہے اور ہم اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، اسلام آباد واٹر ایجنسی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جسے آبی ماہرین، جدید آلات اور تربیت یافتہ افرادی قوت سمیت تمام ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے، واٹر ایجنسی ہمارے پائیدار آبی مستقبل کے ویژن کی عکاس ہے،

ہماری انفرادی اوراجتماعی ذمہ داری ہے کہ پانی بچانے میں ہم اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سی ڈی اے کے بورڈ ممبران سمیت دیگر متعلقہ سنئیر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پانی اللہ تعالی کی عظیم نعمت ہے ،ہماری انفرادی اوراجتماعی طور پر ذمہ داری ہے کہ پانی بچانے میں ہم اپنا کردار ادا کریں کیونکہ پانی بچانا زندگی بچانے کے مترادف ہے اور پانی کی ہر بوند اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی فراہمی سی ڈی اے کی ترجیح ہے اور ہم اسلام آباد کے شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد واٹر ایجنسی کے قیام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد واٹر ایجنسی کو آبی ماہرین، جدید آلات اور تربیت یافتہ افرادی قوت سمیت تمام ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے، اسلام آباد واٹر ایجنسی ہمارے پائیدار آبی مستقبل کے ویژن کی عکاس ہے اور ہم اس کے انتظامی اور گورننس ڈھانچے کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں تاکہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی آبی ضروریات کو موثر طریقے سے پورا کیا جاسکے۔

انہوں نے سی ڈی اے، ایم سی آئی، آئی سی ٹی اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ پانی کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں، پانی بچانے والے آلات استعمال کرکے اور پانی کے استعمال میں احتیاط برت کر پانی کے ضیاع کو روکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ہم اجتماعی طور پر اس سلسلے میں اہم تبدیلی لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا، اساتذہ اور معاشرے کے دیگر طبقات میں پانی کی اہمیت اور اس کے استعمال کے بارے میں موثر آگاہی مہمات کے ذریعے ہم اپنی ضروریات کے مطابق آبی وسائل کے پائیدار انتظام کو یقینی بناسکتے ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کی مستقبل کی آبی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے متبادل آبی ذرائع کی تلاش میں بھی مصروف ہے۔ اجلاس کے دوران متبادل آبی ذرائع اور پانی کی تقسیم کے نیٹ ورک کی جدید کاری سمیت مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے اپنی طویل المدتی حکمت عملی کے مطابق سی ڈی اے قومی اور بین الاقوامی ڈونرز اور پانی سے متعلق ترقیاتی کاموں میں شراکت داروں کے ساتھ قابل عمل آبی منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی کام کر رہا ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی ڈی اے ان منصوبوں کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے مختلف فزیبلٹی اسٹڈیز پر کام کر رہا ہے اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کر رہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہدف آج اور مستقبل میں اسلام آباد کے ہر شہری کو صاف اور محفوظ پانی فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی ہماری زندگیوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس اہم وسائل کے تحفظ کی فوری ضرورت ہے۔ سی ڈی اے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول شہریوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ آنے والی نسلوں کیلئے آبی وسائل کے تحفظ میں ہاتھ بٹائیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کا اختتام اس پیغام کے ساتھ کیا کہ انفرادی اور اجتماعی کوششیں مل کر ہمارے آبی وسائل کے تحفظ کے ہدف کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں تاکہ شہریوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کیا جاسکے، زرعی زمینوں کی آبپاشی ہوسکے اور دیگر ضروریات کیلئے پانی کا استعمال ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ آئیے مل کر کام کریں تاکہ ہر کسی کو صاف اور محفوظ پانی تک رسائی حاصل ہوسکے۔