لاڑکانہ ۔27دسمبر (اے پی پی):مسلم دنیااور پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی پندرہویں برسی سندھ کے شہر گڑھی خدابخش میں منائی گئی ۔سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور سیاست کے میدان میں قدم مارشل لاءکے خلاف جدوجہد کے ساتھ رکھا،
بے نظیر بھٹو کی تربیت کا آغاز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس اور شملہ معاہدے کے یادگار موقع پر شرکت سے ہوا،تیس سالہ سیاسی کیرئیر میں محترمہ بے نظیر بھٹو صرف ساڑھے چار سال حکومت میں رہیں، سیاسی آزمائشوں کا اپنے تدبر اور بہادری سے ڈٹ کر مقابلہ کیا، محترمہ بے نظیر بھٹو نے لیاری، لاڑکانہ، لاہور کے سیاسی میدانوں کو آباد کرنے کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ زندگی کے طاقتور حلقوں کا مقابلہ کیا،دو مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے والی بے نظیر بھٹو خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے 18 اکتوبر 2007 کو وطن واپس پہنچیں تو کراچی ائیرپورٹ پر جیالوں نے ان کا بھرپور تاریخی استقبال کیا ۔
شاہراہ فیصل کارساز کے مقام پر ان کے ٹرک کے قریب دو زوردار ھماکے ہوئے تھے جس میں ایک سو پچاس سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ، دہشت گرد حملے کے باوجود محترمہ بے نظیر شہید نے جمہوریت کی خاطر اپنی جان کی پرواہ تک نہیں کی اور سخت خطرات کے باوجود 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ راولپنڈی جلسہ گاہ پہنچیں جہاں جلسہ کے اختتام پر انہیں شہید کردیا گیا۔