شیخوپورہ۔ 29 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شیخوپوره شاہد عمران مارتھ نے تحصیل فیروزوالہ اور تحصیل مرید کے کا تفصیلی دورہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب مہم ، تجاوزات کا خاتمہ ، ترقیاتی سکیموں سمیت دیگر حکومتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ ، سی او میونسپل کمیٹی سمیت دیگر ضلعی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کا عمل تیزی سے جاری ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ضلع کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ، تمام ادارے ضلع کی خوبصورتی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کو خوبصورت بنانے کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے ، پانچوں تحصیلوں میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے جس کو مقررہ وقت پر مکمل کر کے عوام کو خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے گا ۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے اس موقع پر مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ ہر ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے فیلڈ میں مکمل متحرک ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر ضلعی افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی سکیموں میں استعمال ہونے والے مٹیریل میں شفافیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اس کو چیک کیا جائے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589491