شیرِ بنگال مولوی ابوالقاسم فضل الحق کا یومِ پیدائش 26 اکتوبرکو منایا جائےگا

79
AK Fazlul Haq

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):تحریکِ آزادی کے بے باک رہنما اور شیرِ بنگال مولوی ابوالقاسم فضل الحق کا یوم پیدائش ہفتہ 26 اکتوبرکو منایا جائے گا۔ مولوی ابوالقاسم فضل الحق 26 اکتوبر 1873میں پیدا ہوئے ۔ 1895میں وکالت کے شعبے سے منسلک ہوئے۔ 1912میں سیاسی زندگی کا آغاز کیا اور بنگال قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 1935میں مرکزی قانون ساز اسمبلی کے رکن بنے۔

انہوں نے 1937میں بنگال کے وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھایا اور 1943 تک اس عہدے پر فائز رہے۔اس دوران لاہور میں مسلم لیگ کا تاریخی اجلاس منعقد ہوا تو مولوی ابوالقاسم فضل الحق کو وہ تاریخی اہمیت کی حامل قرارداد پیش کرنے کا موقع ملا جسے بعد میں قراردادِ پاکستان کہا گیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد انہوں نے مشرقی پاکستان کے وزیرِ اعلیٰ ، گورنر اور بعد میں مرکز میں وزیرِ داخلہ کے عہدے پر فرائض انجام دیئے۔1958میں وہ عملی سیاست سے ہمیشہ کے لیے دست بردار ہوگئے۔ 1960میں حکومتِ پاکستان نے انہیں ہلالِ پاکستان کے اعزاز سے نوازا۔ مولوی فضل الحق 27 اپریل 1962 میں اس جہانِ فانی سے کوچ کرگئےاور ڈھاکا میں آسودۂ خاک ہیں۔ مولوی ابوالقاسم فضل الحق کے یوم پیدائش پر ان کی خدمات کے اعتراف میں اُنہیں خراج عقیدت پیش کیا جائےگا ۔