شیڈول بینکوں کے ڈیپازٹس، مختصرمدت کے قرضوں اورسرمایہ کاری میں سالانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈ

47
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):شیڈول بینکوں کے ڈیپازٹس، مختصرمدت کے قرضوں اورسرمایہ کاری میں سالانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق جولائی کے مہینہ میں شیڈول بینکوں کے کھاتوں 22101 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو جون کے مقابلہ میں 3.1 فیصد کم اورگزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 17.3 فیصدزیادہ ہے، جون 2022 میں شیڈول بینکوں کے ڈیپازٹس کاحجم 22810 ارب روپے اورگزشتہ سال جولائی میں 18839 ارب روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔

جولائی کے مہینہ میں شیڈول بینکوں کی جانب سے مختصرمدت کے قرضہ جات کے حجم میں سالانہ بنیادوں پر22.3 فیصداضافہ اورجون کے مقابلہ میں 0.3 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

جولائی میں شیڈول بینکوں کی جانب سے مختصرمدت کے قرضوں کا حجم 10858 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو جون میں 10886 ارب روپے اورگزشتہ سال جولائی میں 8878 ارب روپے تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی میں شیڈول بینکوں کی سرمایہ کاری(سٹاک) میں ماہانہ بنیادوں پر1.1 فیصد اورسالانہ بنیادوں پر24.9 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔جولائی میں بینکوں کی سرمایہ کاری کاحجم 17608 ارب روپے ریکارڈکیاگیا جوجون میں 17419 ارب روپے اورگزشتہ سال جولائی میں 14102 ارب روپے تھا۔