کوئٹہ۔ 11 جولائی (اے پی پی):کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ ایک منظم گروہ 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن سے کنڈکٹرزکے سپین اورٹاورز کے بریس پٹی چوری کررہے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ 9جولائی کو بارش اور طوفانی ہواؤں کے نتیجے میں 132 کے وی سوراب،خضدارٹرانسمیشن لائن کے 7 ٹاورز گرگئے تھے اور 10جولائی کی رات 12بجے کے قریب مذکورہ ٹرانسمیشن لائن کے گرے ہوئے ٹاورز سے چارافرادبریس اور پٹیاں چوری کررہے تھے کہ اس دوران مقامی چوکیدارنے پولیس کواطلاع دی۔ترجمان نے مزیدکہاکہ پولیس تھانہ صدر خضدار کے ایس ایچ او اپنے عملہ کے ہمراہ جائے وقوعہ (جعفرآباد) پہنچ گئے
اورانہوں نے اس موقع پر 2اشخاص بنام محمدعمرولد عبدالحفیظ اور محمدانورولد دُرمحمد ساکن کھٹان ضلع خضداربمعہ 2عدد موٹرسائیکل اورٹاورزکے بریس پٹیوں کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لئے جن کے خلاف مزیدقانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔تاہم اس موقع پر مذکورہ گروہ کے 2افراد فرارہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔ واضح رہے کہ 132کے وی ٹرانسمیشن لائن کے ٹاورز سے بریس پٹی نکالنے اور کنڈکٹرز چوری کرنے کے واقعات سے نہ صرف بجلی کی فراہمی میں تعطل پیداہوتاہے بلکہ ٹرانسمیشن لائن کے گرنے کابھی خدشہ رہتاہے۔جس سے کیسکوکو مالی نقصان بھی پہنچ رہاہے۔کیسکونے تمام صارفین سے اپیل کی ہے
کہ وہ برقی تنصیبات اور ٹرانسمیشن لائنز سے سامان چوری کرنے والے گروہ کی نشاندہی کریں اور اس قومی اثاثے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کیسکوکے ساتھ تعاون کریں۔