صارفین کا فون نہ سننے والے ایس ڈی اوز اور ایکسیئنز کے خلاف کارروائی کا آغاز

39

لاہور۔12جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایت پر آپریشن ڈائریکٹر اعجاز بھٹی اور چیف انجینئر آپریشنز ندیم ملک نے صارفین کے ٹیلی فون نہ سننے اور شکایات کا فوری ازالہ نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔لیسکو انتظامیہ کی جانب سے 21 ایکسیئنز اور 31 ایس ڈی اوز کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔مذکورہ افسران کے خلاف صارفین کی جانب سے ٹیلی فون کال نہ سننے کی شکایات موصول ہورہی تھیں،جس کے بعد لیسکو انتظامیہ کی جانب سے انہیں مختلف نمبروں سے ٹیلی فون کئے گئے جوانہوں نے نہ سنے جس کے بعد کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے،لیسکو چیف کی جانب سے تمام افسران سے وضاحت طلب کی گئی ہے، تمام افسران تین روز کے اندر اپنا جواب جمع کروانے کے پابند ہیں،جواب جمع نہ کرانیوالے افسران کو شو کاز نوٹس جاری کئے جائیں گے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کا کہناتھا کہ صارفین کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے

اس معاملے پر کوتاہی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران و اہلکار وں کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہے،اس طرح کے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔جن ایکسیئنز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ان میں گلشن راوی، کوٹ عبدالمالک، بادامی باغ، راوی روڈ، فیروز والا، شاہ پور، جوہر ٹاون، سول لائنز، سمن آباد، رائیونڈ، ٹاون شپ، مغل پورہ، میکلوڈ روڈ، شالیمار، کوٹ لکھپت، ڈیفنس، اوکاڑہ سٹی، اوکاڑہ کینٹ، دیپالپور، فاروق آباد اور چونیاں کے ایکسیئنز شامل ہیں۔اسی طرح ساندہ،جیاموسی، قلعہ محمدی، ٹاون شپ، انجینئر ٹاون، علی رضا آباد، رائیونڈ، جاتی عمرہ، مانگا منڈی، کینال روڈ، اعوان ٹاون، پریم نگر، سید پور، سمن آباد، چوہنگ، شاہ پور، کالج روڈ، بلال کالونی، محمود بوٹی، انگوری باغ، انارکلی، ڈی ایچ اے ویسٹ، حمزہ ٹاون، صوفیا آباد، نشتر کالونی، کیولری گراونڈ، صدر/کینٹ، ضرار شہید روڈ، الفلاح ٹاون، بیدیاں روڈ اور ایئرپورٹ روڈ سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز سے جواب طلب کیا گیا ہے۔