صارفین کو بلا تعطل بجلی مہیا کی جا رہی ہے،چیف ایگزیکٹو فیسکو

113

فیصل آباد ۔ 27 جولائی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر محمد عامر نے کہا ہے کہ صارفین کو بلا تعطل بجلی مہیا کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیسکو ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے والی ٹرینی اسسٹنٹ کمشنرز عطیہ فاطمہ اور ڈاکٹر شازمہ فاطمہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ریجن کےچھ آپریشن سرکلز فیصل آباد فرسٹ، سیکنڈ، جھنگ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور میانوالی کے تمام فیڈرزاے کیٹگری میں شامل ہونے کی وجہ سے کہیں بھی لوڈمینجمنٹ نہیں کی جا رہی اور تمام صارفین کو بلا تعطل بجلی مہیا کی جا رہی ہے۔

فیسکو کے تمام افسران اور ملازمین صارفین کے مسائل کے ازالہ کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیسکو ریجن میں کسٹمرسروسز کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کااستعمال کر رہا ہے۔ اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کی جا رہی ہے جبکہ صارفین کے مسائل کے فوری حل کیلئے روزانہ کی بنیاد پر فیسکو کی تمام 140سب ڈویژنوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں ایس ڈی اوز اورسینئر افسران صارفین کے مسائل سن کر موقع پر ان کا ازالہ کر رہے ہیں تاکہ صارفین مطمئن ہوں کیوں کہ ایک مطمئن صارف ہی کمپنی کی بہترین کارکردگی کا عکاس ہوتا ہے۔ اس موقع پرٹرینی اسسٹنٹ کمشنرز عطیہ فاطمہ اور ڈاکٹر شازمہ فاطمہ نے فیسکو کی کارکردگی کوسراہا اور اسے دوسری کمپنیوں کیلئے قابل تقلید قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئرمحمد عامر کی سربراہی میں فیسکو ترقی کی مزید منازل طے کر ے گی۔