صحافی سمیع ابراہیم کو بیرون ملک جانے کی اجازت، عبوری ضمانت منظور ہونے کا تحریری فیصلہ جمع کروانے کی ہدایت

117

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت نے سینئر صحافی سمیع ابراہیم کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے اے ٹی سی راولپنڈی سے عبوری ضمانت منظور ہونے کا تحریری فیصلہ جمع کروانے کی ہدایت کردی۔پیر کے روز سماعت کے دوران سمیع ابراہیم اپنے وکیل فیصل ملک ایڈووکیٹ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاق کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان گھمن عدالت میں پیش ہوئے اور بتایاکہ راولپنڈی کے مقدمے میں سمیع ابراہیم کا نام پی این آئی لسٹ میں ہے۔ فیصل ملک ایڈووکیٹ نے کہاکہ راولپنڈی میں جو کیس تھا اس میں ہماری عبوری ضمانت منظور ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آپ راولپنڈی عدالت والے فیصلے کی کاپی جمع کروائیں ۔ عدالت نے کہاکہ راولپنڈی عدالت کا فیصلہ جمع ہونے پر تحریری حکمنامہ جاری ہوگا۔