اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے دنیا بھر میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کی جان و مال اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔صحافیوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہر سال دنیا بھر میں سینکڑوں صحافی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے شہید ہوتے ہیں،جمہوری اور انصاف پسند معاشرے کی تشکیل کیلئے صحافی برادری کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے،فلسطین اور کشمیر میں صحافیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں۔
سپیکرنے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ اور بھارت میں صحافیوں پر سرے عام ہونے والی دہشتگردی کا نوٹس لے،پاکستان کی پارلیمان نے صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھر پورکردار ادا کیا ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے صحافیوں کو درپیش مسائل کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھائی ہے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دور حکومت میں صحافیوں پر عائد کالے قوانین کا خاتمہ کیا،ہم آزادی صحافت اور صحافیوں کو بلا خوف و خطر اپنی صحافتی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں،
ملک میں جمہوریت کی بحالی اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے صحافتی برادری کی جدو جہد قابل ستائش ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ صحافی برادری کا تحفظ ہماری جدوجہد کا اہم پہلو ہے،میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔