صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں ، ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنانا ہمارا مشن ہے ، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات جاری ہیں، عبدالقادر پٹیل

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ حکومت صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے ، ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنانا ہمارا مشن ہے ، ڈاکٹروں کے مسائل کو ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پمز ہسپتال میں گرلز ہاسٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں بڑے عرصہ سے لیڈی ڈاکٹرز کو رہائش کیلئے کافی مشکلات کا سامنا تھا ، خدا کے فضل وکرم سے آج ایک دیرینہ مسئلہ حل ہو رہا ہے، ایک کمرے میں کئی کئی لڑکیوں کو رہنا پڑتا تھا ، مناسب رہائش نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹرز کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہاسٹل102 کمروں پر مشتمل ہے، ڈاکٹرز ایک مقدس پیشہ ہے، لوگ ان کو مسیحا سمجھتے ہیں ۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ڈاکٹروں کے مسائل کو ہم نے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے، یہ لوگ دن رات ایک جذبے کے ساتھ مریضوں کی خدمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے، ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنانا ہمارا مشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں حقیقی معنوں میں بہتری کی جانب گامزن ہیں ، صحت کے شعبے میں ترقی ہی حقیقی معنوں میں ترقی شمار کی جاتی ہے ۔