اسلام آباد۔ 16 نومبر (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے آزاد کشمیر کے طلباءو طالبات پر زور دیا ہے کہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کیلئے خودکو تیار کریں اور جدید علوم میں مہارت حاصل کرکے مقابلے اور مسابقت کی دنیا میں آگے نکلنے کی کو شش کریں ، علم و ہنر ہی وہ دولت ہے جو ہمارے نوجوانوں کو معاشرے کا باعزت شہری اور ملک و ملت کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کر سکتی ہے ۔یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف پونچھ کے زیر اہتمام منعقدہ کانووکیشن سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ یونیورسٹی کے سبزازار میں منعقدہونے والی اس تقریب میں انڈر گریجویٹ ،ایم اے، ایم ایس سی اور ایم فل ، پی ایچ ڈی کے آٹھ سو طلبا ءو طالبات کو ڈگریاں اور میڈلز دیئے گئے۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف پونچھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان ،وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ پروفیسر ڈاکٹر محمد حلیم خان ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد، مختلف فیکلٹیز کے ڈین حضرات، شعبہ جات کے سربراہان، ڈگریاں اور میڈل حاصل کرنے والے طلباء کے والدین سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی بڑی تعداد موجود تھی۔ اپنے خطاب میں یونیورسٹی کے چانسلر اور صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے طلباءو طالبات ، استاتذہ اور والدین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف پونچھ نے مختصر عرصہ میں اعلی تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اہم سنگ میل عبور کر لیا جو اس علاقہ کے طلباءو طالبات اور والدین کےلئے انتہائی فخر اورا عزاز کے بات ہے ۔