مظفر آباد۔ 20 مئی (اے پی پی):صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)آزادکشمیر شاہ غلام قادرنے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی،آزادکشمیر کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جنگی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر دشمن کے غرور کو خاک میں ملادیا ہے، بھارت نے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر لائن آف کنٹرول کے اس پار اندھا دھند فائرنگ کر کے معصوم شہریوں کو شہید کیا ہے ،ہم بھارت کی طرف سے اس بزدلانہ حرکت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کاخیرمقدم کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل سہ فریقی ہونا چاہیے جس میں کشمیری عوام کو بھی مذاکرات کی میز پر بٹھانا چاہیے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہی ہیں جبکہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرتے ہوئے کشمیری عوام کو اُن کا بنیادی حق ،حق خودارادیت دیا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599340