مظفرآباد ۔ 14 جنوری (اے پی پی) صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان سے پاک فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر اور جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل عامر احسن نواز نے پیر کو ایوان صدر مظفرآباد میں ملاقات کی۔ صدارتی سیکرٹریٹ مظفر آباد سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں کور کمانڈر اور جی او سی مری نے صدر آزاد کشمیر کو پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاری اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی طرف سے گولہ باری کے نتیجہ میں متاثر ہونے والے آزاد کشمیر کے شہریوں کی بحالی اور ریلیف کے کاموں کے بارے میں بریف کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کےلئے جاری جدوجہد کو تمام تر مشکلات کے باوجود جاری رکھیں گے اور اس جدوجہد میں انشاءاللہ جلد کامیاب ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں اور قیادت کو ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔