صدر این پی سی اظہر جتوئی کی سربراہی میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد  کی گورننگ باڈی کا اجلاس

117

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):نیشنل پریس کلب(این پی سی) اسلام آباد کی گورننگ باڈی کا اجلاس جمعرات کو یہاں صدر اظہر جتوئی کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد اجلاس کی نظامت کرتے ہوئے سیکرٹری این پی سی نیئر علی نے گورننگ باڈی ممبران کو ایجنڈے سے متعلق آگاہ کیا۔اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ2025ءمیں نیشنل پریس کلب کے کونسل ممبران کی سالانہ فیس کی وصولی کا عمل 13 جنوری سے شروع کیا جائے گا کیونکہ آئین کے مطابق فیس جمع کرانے والے ممبران ہی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔ اجلاس کے شرکاء کو سکروٹنی کمیٹی کی چیئرپرسن نیئر علی کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ نیشنل پریس کلب کی ایسوسی ایٹ ممبران کی سکروٹنی کا عمل جاری ہے

اور سکروٹنی کا یہ عمل اس ماہ کےاختتام تک مکمل ہو جائے گا جس کے بعد  ایسوسی ایٹ ممبران کی حتمی لسٹ آویزاں کی جائے گی۔اجلاس کے دوران رمضان المبارک میں فیملی فیسٹیول منعقد کرانے کے لیے ایک لائحہ عمل مرتب کیا گیا جس کے مطابق رمضان المبارک سے پہلے ایک تقریب منعقد کی جائے گی جس میں فرینڈز آف پریس کلب کو مدعو کیا جائے گا ۔رمضان فیسٹیول کو ماضی کی طرح یادگار اور ممبران کے شایان شان طریقے سے بنانے کے لئے ممبران گورننگ باڈی کی طرف سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں جن پرآئندہ اجلاس کے دوران تفصیلی غور کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران نیشنل پریس کلب کی تزین وآرائش کے کام کو سراہا گیا اس موقع پر نیشنل پریس کلب کےصدر اظہر جتوئی

نائب صدر احتشام الحق گورننگ باڈی کے ممبر نوید شیخ اور سیکرٹری نیشنل پریس کلب نیئر علی کی جانب سے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس ہال ، وی آئی پی ہال اور سپورٹس ہال کی تزین وآرائش کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔اجلاس میں متفقہ قرارداد کے ذریعے پاکستان بھر کے مختلف پریس کلبز میں کامیاب ہونے والے عہدیداران اور کشمیر جرنلسٹ فورم کی نو منتخب قیادت کو مبارکباد پیش کی گئی۔