صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تزویراتی شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں ، وزیر اعظم شہباز شریف

161

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تزویراتی شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں ، جمعہ کو ترکیہ کے دورے پر روانگی کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکیہ کے دو روزہ دورے پر روانہ ہورہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کے لئے تیسرے ملجم کارویٹ جہاز کا افتتاح دونوں برادر ممالک کے مابین گہرے دفاعی تعلقات کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے تبادلے ہماری شراکت داری کی عکاسی کرتے ہیں ۔ انہوں نے ترک عوام کی گرمجوشی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ میں ہونا ایسا ہی ہے جیسا اپنے گھر میں ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ صدر اردو ان کی قیادت میں ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات تزویراتی شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں اور ہم دونوں ممالک کے مابین تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کےلئے کوشاں ہیں۔