صدر مملکت ممنون حسین کا نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام دسویں سالانہ کانفرنس سے خطاب

58
APP20-01 LAHORE: March 01 - President Mamnoon Hussain addressing the 10th Annual Nazria Pakistan Conference at NPT Auditorium. APP photo by Tabasam Naveed

لاہور ۔یکم مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ بحران سے نکلنے کا راستہ یہی ہے کہ مسائل کا متحد ہو کر مقابلہ کیاجائے، درپیش چیلنجز کو قومی مفادات بالخصوص ترقیاتی عمل پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہ دی جائے، معاملات کو شفاف رکھا جائے اور کسی کے ساتھ کسی بھی سطح پر ناانصافی کا راستہ بند کر دیا جائے، قومی تقاضوں کے مطابق نیا تعلیمی نصاب بہت جلد متعارف کرا دیا جائے گا، ملک درست سمت چل پڑا ہے اس لیے پاکستان کی ترقی کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز یہاں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام دسویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹر رفیق احمد، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ اور دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک آج جس مقام پر آکھڑا ہوا ہے اور اس کے نتیجے میں ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے ، اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ہوش کے ناخن لیے جائیں تاکہ اقتصادی راہداری کی فعالیت اور اس سے وابستہ توقعات بھر پور طریقے سے پوری ہو سکیں۔ انھوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں مسائل آیا ہی کرتے ہیں، دانشمند قومیں اِن کا سامنا کرنے سے نہیں گھبراتیں بلکہ اس بھٹی سے کندن بن کر نکلتی ہیں۔ انھوں نے توقع کا اظہار کیا کہ اس مشکل مرحلے پرقوم گھبرانے کے بجائے حوصلہ سے آگے بڑھے گی اور یہ تجربات ا±سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع فراہم کریں گے۔