صدر مملکت ممنون حسین کی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرینز، معززین اور سرکاری اہلکاروں سے گفتگو

156

کوئٹہ ۔ 4 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک صحیح سمیت گامزن ہے اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈر پراجیکٹس بشمول توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک اقتصادی طور پر ترقی کرے گا۔ صدر نے یہ بات جمعرات کو یہاں گورنر ہاﺅس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرینز، معززین اور سرکاری اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیر اعلیٰ نواب ثناءاللہ خان زہری، بلوچستان اسمبلی کی سپیکر راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزراءنواب ایاز جوگیزئی، نواب محمد خان شاہوانی، نواب جنگیز خان مری، سرفراز بگٹی، وزیراعلیٰ کے مشیر سردار رضا بڑائچ، عبیداللہ خان بابت، ارکان پارلیمنٹ، معززین اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔ صدر نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف ایک مدبر رہنما ہیں جو پاکستان کی ترقی کیلئے صحیح اقدامات کر رہے ہیں۔ صدر نے حکومت کی اقتصادی ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ ٹھوس پالیسیوں کے باعث ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔